پٹنہ،30؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) سپریم کورٹ کے اشارے کے بعدبدھ کو بہار میں شراب بندی قانون میں بڑی تبدیلیوں کو اسمبلی سے ہری جھنڈی مل گئی ہے۔ شراب پر پابندی کا ترمیمی بل اسمبلی میں منظور کر لیا گیا۔ ایکسائز منسٹر سنیل کمار نے شراب پر پابندی اور ایکسائز ترمیمی بل 2022 ایوان میں پیش کیا۔
اس ترمیم کو نتیش کابینہ نے پہلے ہی منظوری دے دی تھی۔ ترمیم شدہ بل گورنر کو بھیجا جائے گا۔ اس کے بعد یہ قانون کی شکل اختیار کر لے گا۔ شراب بندی قانون میں سب سے بڑی تبدیلی یہ ہے کہ اب پہلی بار شراب پیتے ہوئے پکڑے جانے والوں کو جیل نہیں جانا پڑے گا۔ مجسٹریٹ جرمانہ دے کرچھوڑ سکتا ہے۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں جیل جانا پڑے گا۔ لیکن اگر بار بار شراب پیتے ہوئے پکڑا گیا تو سخت کارروائی کی جا سکتی ہے۔
تاہم جرمانے کی رقم کا ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ ترمیم شدہ قانون میں مزید کیا کیا شقیں ہوں گی، اس کے قوانین بنائے جائیں گے۔بہارحکومت کو سپریم کورٹ سے شراب بندی قانون کے حوالے سے کچھ رہنما خطوط بھی موصول ہوئے تھے۔ اس کے بعد حکومت نے قانون میں ترمیم کا فیصلہ کیا۔ ریاست میں شراب پر پابندی اپریل 2016 میں نافذ ہوئی تھی۔ بڑی تعداد میں بے گناہ لوگوں کو جیل بھیجنے کے الزامات تھے۔